بنوں واقعہ: وزیرِ اعلیٰ کے پی کا شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان

نیوزڈیسک

0

پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امین گنڈاپور نے بنوں کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گا، جسے عوام کے سامنے لایا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے گی۔

رپورٹ کی اشاعت سے قبل افواہوں اور بلا تصدیق الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید برآں، انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر عموماً سیکیورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے۔

خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے، اور اس مقام کی حساس نوعیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعے کی ایک وجہ بنی۔

مشیر اطلاعات نے عوام سے درخواست کی کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے کام لیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں امن کے لیے ریلی نکالی گئی تھی، جس کے شرکاء اسپورٹس کمپلیکس کے قریب سڑک پر پہنچے تو اچانک فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں کے ترجمان کے مطابق 4 افراد کی لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.