نیوز ڈیسک
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں نامعلوم مسلح افراد نے سنگِ مرمر کی ایک کان پر حملہ کرکے کم از کم 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا، جن میں کان کے مالک کا بیٹا بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق، واقعہ اتوار کے روز پیش آیا، جب مسلح افراد نے کان پر دھاوا بول کر مزدوروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور بعد ازاں انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
پولیس کی اطلاعات کے مطابق، واقعے کے دوران ایک مزدور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔ زخمی مزدور کی حالت سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
رپورٹس کے مطابق، اغوا کیے گئے مزدوروں کا تعلق خضدار کے علاقوں وڈھ اور نال سے ہے۔
مذکورہ کان سردار عالم خان بزنجو کی ملکیت ہے، جو قبائلی رہنما اسلم بزنجو کے صاحبزادے ہیں۔ سردار عالم خان بزنجو نیشنل پارٹی سے وابستہ ہیں اور ماضی میں بلوچستان کی حکومتوں میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، مسلح حملہ آور فرار ہوتے وقت ایک لوڈر اور دو گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد مغوی مزدوروں کا سراغ لگانا اور اغوا میں ملوث افراد کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرنا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ اس واقعے نے بلوچستان میں مزدوروں کے تحفظ اور کان کنی کے مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔
