اسلام آباد:اللہ تعالیٰ نے مٹی میں ایسی خصوصیات رکھی ہیں جو پانی کو نہ صرف ٹھنڈا رکھتی ہیں بلکہ بہت سی بیماریوں سے بھی محفوظ کرتی ہیں۔
پانی پینے کے لیے مٹی کی صراحی یا مٹکے استعمال کرنا ہماری روایات کا ایک اہم حصہ رہا ہے، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ صحت بخش روایت کم ہوتی جا رہی ہے۔
آج کل لوگ پانی پینے کے لیے شیشے، اسٹیل، یا سلور کے گلاس استعمال کرتے ہیں اور پیاس لگنے پر فریج سے بوتل نکال کر ٹھنڈا پانی پیتے ہیں۔
مگر مٹکے یا صراحی سے پانی پینے کا قدیم طریقہ نہ صرف شیشے یا دوسرے کنٹینرز کا ایک روایتی متبادل ہے بلکہ یہ صحت کے لیے بھی فائدے مند ہے، کیونکہ یہ فوراً تازگی اور سکون فراہم کرتا ہے۔
مٹی کے برتنوں سے پانی پینے کے چند فوائد درج ذیل ہیں:
متوازن جسمانی پی ایچ لیول
مٹکے یا صراحی میں رکھا ہوا پانی قدرتی طور پر بدلتے ہوئے موسم کے مطابق ٹھنڈا رہتا ہے، کیونکہ مٹی میں موجود الکلائن ہمارے جسم کے پی ایچ لیول کو متوازن رکھتا ہے۔
یہی الکلائن پیٹ کے درد، معدے کی سوزش، تیزابیت، اور نظامِ ہاضمہ کی دیگر بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
کیمیکل سے پاک
پلاسٹک کی بوتلیں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں اور یہ کیمیکلز سے بنی ہوتی ہیں، جبکہ مٹی کے برتن کیمیکل سے خالی ہوتے ہیں اور زہریلے مادوں کو جسم میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔
معدنیات کے حصول کا بہترین ذریعہ
مٹکے کے پانی میں مختلف معدنیات موجود ہوتی ہیں جو ہمارے جسم کو چست، توانا، اور چاق و چوبند رکھتی ہیں۔
مختلف بیماریوں سے بچنے اور تندرست رہنے کے لیے باقاعدگی سے مٹکے یا صراحی کا پانی پینا مفید ہے۔یاد رہے، یہ دونوں چیزیں مٹی کے برتن بنانے والوں کے پاس آسانی سے دستیاب ہیں۔