اسلام آباد:پاکستان وزارتِ تجارت نے اعلان کیا ہے کہ ملک 33 کمپنیوں کے ہمراہ چین کی امپورٹ ایکسپو میں شرکت کرے گا۔
وزارت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی نائب وزیرِ تجارت نے وزیرِ تجارت جام کمال سے ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت کے لیے جلد ہی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
چین نے ایس سی او وزارتی اجلاس کی کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے اور دونوں ممالک نے آزاد تجارتی معاہدے کے تحت کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
مزید برآں، دونوں ممالک نے زرعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
چینی نائب وزیرِ تجارت نے کہا ہے کہ ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو تجارت میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے تنظیم کو مزید مؤثر اور فعال بنانا ہوگا۔
چین علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔