اسلام آباد:نیوزی لینڈ کے بلے باز چیڈ بوس نے 7 چھکے اور 27 چوکے لگا کر تیز ترین ڈبل سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیڈ بوس نے نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ون ڈے ٹرافی کے تحت کنٹری بری کی جانب سے کھیلتے ہوئے 103 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔
انہوں نے ٹریوس ہیڈ اور نرائن جگادیسن کا 114 گیندوں پر ڈبل سنچری کا ریکارڈ توڑا۔
یہ میچ فورڈ ٹرافی کے تحت کنٹری بری اور اوٹاگو وولٹس کے درمیان ہیگلے اوول میں کھیلا گیا۔
کنٹری بری نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز بنائے، جن میں چیڈ بوس کی شاندار 205 رنز کی اننگز شامل تھی۔ اوٹاگو کی ٹیم اس مقابلے میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یاد رہے کہ چیڈ بوس 6 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہوں نے لسٹ اے میں 99 میچز کھیلے ہیں۔