سست اوور ریٹ پر آئی سی سی کا پاکستان اور سری لنکا پر جرمانہ

0

نیوز ڈیسک

راولپنڈی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سست اوور ریٹ کے باعث پاکستان اور سری لنکا پر جرمانے عائد کر دیے ہیں۔ پاکستان نے اس میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق، پاکستان پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکا پر 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں اپنے اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

آئی سی سی میچ ریفری جیف کرو نے قرار دیا کہ پاکستان مقررہ اوور ریٹ سے دو اوور پیچھے رہا، جبکہ سری لنکا اضافی وقت کی رعایت کو شمار کرنے کے باوجود ایک اوور کم کر سکا۔

آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر ہر اضافی اوور کے بدلے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے اپنی ٹیموں کی جانب سے الزامات تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کر لیں، جس کے بعد معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

یہ الزامات آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی نے عائد کیے تھے۔

واضح رہے کہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے تھے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے 37 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.