ویب ڈیسک
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے ویب ورژن میں بھی اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا ہے۔
یہ چیٹ بوٹ صارفین کو تحریری مواد تلاش کرنے، تصاویر اور جف بنانے، اور خیالی امیجز بنانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ویب ورژن میں پروفائل تصویر کے بعد سب سے پہلے اے آئی چیٹ بوٹ کا آئیکون دکھائی دیتا ہے، جسے کلک کرنے پر چیٹ بوٹ کھل جاتا ہے۔ چیٹ بوٹ کو واٹس ایپ موبائل اکاؤنٹ سے منسلک کیا گیا ہے اور تمام چیٹس دونوں جگہ پر نظر آئیں گی۔
واٹس ایپ سمیت فیس بک اور انسٹاگرام کے چیٹ بوٹس میں نہ صرف تحریری مواد کو تلاش کیا جا سکتا ہے بلکہ اے آئی چیٹ بوٹس کو ہدایات دے کر تصاویر اور جف بھی بنوائی جا سکتی ہیں۔
کسی بھی خیالی تصویر کو بنوانے کے لیے، ہر چیٹ کے آغاز میں “امیج” یا “امیجن” لکھ کر چیٹ کو اپنی ہدایات دی جائیں تو چند ہی سیکنڈز میں اے آئی چیٹ بوٹ تصویر بنا کر فراہم کرتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر کسی شخص کو جنوبی ایشیائی نسل کی دلہن بنی خاتون کی تصویر درکار ہو تو وہ چیٹ بوٹ کو تمام تفصیلات فراہم کرے گا اور چیٹ بوٹ جنوبی ایشیائی نسل کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق دلہن کی اے آئی تصویر فراہم کرے گا۔
واٹس ایپ ویب میں اے آئی چیٹ بوٹ کا بتدریج صارفین کے لیے اجرا کیا جا رہا ہے۔ فی الحال، تمام صارفین کو اس تک رسائی حاصل نہیں ہے۔