اڈیالہ جیل میں قید عمران خان، آکسفورڈ یونیورسٹی کے الیکشن میں حصہ لیں گے

نیوز ڈیسک

0

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان، جو مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، برطانیہ کی مشہور آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کے لیے ہونے والے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

برطانوی جریدے ‘دی ٹیلی گراف’ کے مطابق، آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی نشست ہانگ کانگ کے سابق گورنر اور ٹوری پارٹی کے 80 سالہ چیئرمین لارڈ پیٹن کے استعفے کے بعد خالی ہوئی ہے، جو 21 سال تک اس عہدے پر فائز رہے۔

پی ٹی آئی کے بانی کے مشیر زلفی بخاری نے ‘جیو نیوز’ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے الیکشن لڑیں گے کیونکہ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ وہ یہ الیکشن لڑیں۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اجازت ملنے کے بعد باضابطہ اعلان اور دستخطی مہم شروع کی جائے گی۔

زلفی بخاری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس عہدے کے لیے سب سے موزوں شخص ہیں اور امید ہے کہ وہ الیکشن جیت جائیں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ پہلا موقع ہوگا جب آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن روایتی طریقہ کار کے برعکس آن لائن ہوگا۔

چانسلر کے الیکشن کے روایتی طریقہ کار کے مطابق یہ عہدہ عام طور پر اس یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء کو دیا جاتا ہے اور الیکشن کی تقریب میں تمام امیدواروں کو ذاتی طور پر شرکت کرنا ہوتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان کا اس الیکشن میں سابق برطانوی وزرائے اعظم سر ٹونی بلیئر اور بورس جانسن سے مقابلہ ہوگا، جس کی وجہ سے یہ مقابلہ سخت ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 1972ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے کیبل کالج سے اکنامکس اور پولیٹکس کی ڈگری حاصل کی تھی اور یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔

اس سے پہلے عمران خان 2005ء سے 2014ء تک برطانیہ کی بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.