اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اسماء عباس کا کہنا ہے کہ مائیں توجہ حاصل کرنے کے لیے ڈرامے کرتی ہیں۔
حال ہی میں سینیئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ڈرامے کی تشہیر کے دوران گھریلو سیاست پر بھی بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ مائیں اکثر توجہ حاصل کرنے کے لیے ڈرامے کرتی ہیں، جسے دیکھ کر خود سے سوال کرتی ہوں کہ ایسا تو میں ڈراموں میں کرتی، کیا حقیقی زندگی میں بھی ایسا ہوتا ہے؟
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ایسی ماؤں کو دیکھنے کے بعد میں اپنی بہوؤں سے کہتی ہوں کہ آپ شکر ادا کریں کہ میں گھر پر نہیں ہوتی، کیونکہ میری عادات بھی ایسی ہی ہیں۔
مجھے گھر میں صفائی اور نظم و ضبط رکھنا پسند ہے، لیکن میں نے اپنی بہوؤں سے کبھی کچھ نہیں کہا۔
اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ رواں سال کے اختتام پر اپنے دوسرے بیٹے احمد عباس کی شادی کرنے والی ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جو کچھ بڑی بہو سے سیکھا ہے، وہ چھوٹی بہو پر آزماؤں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اکثر اپنی چھوٹی بہو سے کہتی رہتی ہوں کہ جب میں نہیں ہوں گی، تو سسرال آ کر جو کچھ دیکھنا ہے، آپ نے ہی دیکھنا ہے۔
اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیٹے بعض اوقات بے وقوف ہوتے ہیں، جو ڈرامے اور حقیقت میں فرق نہیں کر سکتے، اور ماؤں اور بیویوں کے درمیان توازن برقرار نہیں رکھ سکتے۔
انہوں نے ان ماؤں کے لیے بھی پیغام دیا جو توجہ حاصل کرنے کے لیے بہوؤں کو نیچا دکھاتی ہیں کہ بیٹے ماں کے آنسو دیکھ کر ہی پریشان ہو جاتے ہیں، اس لیے اپنے بچوں کو پریشان نہیں کرنا چاہیے۔