اسلام آباد:بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے خاموشی توڑتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔
انہوں نے اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں ہوم گراؤنڈ پر سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں شکیب الحسن نے طالب علموں کے احتجاج کے دوران اپنی خاموشی پر معافی مانگی۔
شکیب نے کہا کہ میری خاموشی پر جنہیں دکھ پہنچا ہے، میں خلوص دل سے معافی مانگتا ہوں۔ میں اپنے فینز کی موجودگی میں کھیل کو الوداع کہنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ تحریک کے دوران قربانی دینے والے طالب علموں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں۔
شکیب الحسن نے مزید کہا کہ وہ اپنے آخری میچ میں تمام فینز کے ساتھ مل کر الوداعی لمحے کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔
یادرہے، شکیب الحسن نے بنگلا دیش میں جولائی میں ہونے والے احتجاج کے دوران خاموشی اختیار کی تھی، حالانکہ وہ عوامی لیگ کے دورِ حکومت میں ممبرِ پارلیمنٹ تھے۔
اس دوران، شکیب الحسن کینیڈا میں لیگ کھیل رہے تھے، اور بعد میں امریکا چلے گئے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے خلاف سیریز میں بھی شرکت کی۔
وہ ایک قتل کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں اور ابھی تک اپنے ملک واپس نہیں گئے۔ اگست میں، شکیب ایک فین سے الجھ پڑے تھے جو ان سے ملکی حالات پر خاموش رہنے کا سوال کر رہا تھا۔
شکیب الحسن نے گزشتہ ماہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور جنوبی افریقا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر آخری ٹیسٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی افریقا اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ 21 اکتوبر سے ڈھاکا میں شروع ہوگا۔