اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار عمیر جیسوال نے اداکارہ ثناء جاوید سے طلاق اور پھر دوسری شادی کے بعد پہلی مرتبہ لب کشائی کی ہے۔
حال ہی میں ایک سرکاری ٹی وی چینل کے پروگرام میں مہمان کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے، انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ ثناء جاوید سے طلاق اور نئی شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
عمیر جیسوال نے دورانِ انٹرویو کہا کہ الحمد للّٰہ! اللّٰہ بڑا مہربان ہے۔ وہ آپ کو ایک خاص منزل تک پہنچانے کے لیے ایک خاص سفر سے گزارتا ہے۔
جب آپ صحیح جگہ پہنچتے ہیں تو آپ اس راستے کی قدر کر سکتے ہیں اور یہ سمجھ سکتے ہیں کہ حقیقی خوشی کیا ہے۔
انہوں نے اس وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا، چاہے وہ میرے مداح ہوں یا نہ ہوں، سب میرے لیے پریشان تھے۔ میں ہمیشہ کہتا رہا کہ اس میں اللّٰہ کی بہت بڑی مصلحت ہوگی۔
گلوکار نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے کہا کہ جب انہوں نے پہلی بار اس کی تصویر شیئر کی تو لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا، اور ان کی محبت نے انہیں خوش کر دیا۔
انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ ان کی اور ان کی فیملی کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔
جب ایک میزبان نے سوال کیا کہ مداح آپ کی دوسری شادی کے بارے میں متجسس ہیں، تو عمیر نے جواب دیا کہ لوگوں کی دلچسپی فطری ہے، لیکن اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ معلومات دینا کبھی کبھی مداخلت کا باعث بن سکتا ہے۔
میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے میرے کام کی بنیاد پر جانیں، نہ کہ میری ذاتی زندگی سے۔
یاد رہے کہ عمیر جیسوال اور ثناء جاوید نے اکتوبر 2020 میں رشتۂ ازدواج میں بندھنے کا اعلان کیا تھا، جس پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔
تاہم، ان کی طلاق کی خبریں 2024 میں آئیں جب ثناء جاوید نے کرکٹر شعیب ملک سے دوسری شادی کا اعلان کیا۔
7 اکتوبر 2024 کو، عمیر جیسوال نے اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا، مگر اپنی نئی اہلیہ کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔