لاہور:دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور ایک بار پھر سرفہرست ہے، جس کے نتیجے میں حکومت پنجاب نے آج سے ایک ہفتے کے لیے پانچویں جماعت تک کے اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ اسموگ کی شدت کے پیش نظر سرکاری اور نجی دونوں قسم کے اسکولوں میں تعطیلات ہوں گی۔
یہ اقدام پانچویں جماعت تک کے طلباء کے لیے ایک ہفتے کی چھٹیوں کی صورت میں عمل میں لایا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسموگ کے مسائل کا حل بھارت کے ساتھ ڈائیلاگ میں ہے، اور اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو آج خط لکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔
پنجاب کے مختلف شہروں، جیسے نارووال، حافظ آباد، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اینٹی اسموگ آپریشن جاری ہے۔
لاہور میں جمعہ اور اتوار کی رات ہیوی وہیکلز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمۂ ٹرانسپورٹ کے ترجمان کے مطابق، اکتوبر میں 1,344 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں، 2,397 گاڑیوں کے خلاف چالان کیے گئے اور 1 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
اس کے علاوہ، 9,000 گاڑیوں کی فٹنس کا معائنہ کیا گیا اور 5,000 گاڑیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے پر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔