لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کس نمبر پر ہے؟

نیوزڈیسک

0

لاہور:دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور نے ایک بار پھر پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے۔

لاہور صبح سویرے شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آ گیا، جس کی وجہ سے شہر کی فضاء دھندلا گئی ہے۔ شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی نے دوبارہ ڈیرے جمالیے ہیں۔ گلبرگ میں فضائی آلودگی کی شرح 1200 اے کیو آئی سے تجاوز کر گئی ہے۔

گلبرگ میں مراتب علی روڈ پر 864، ماڈل ٹاؤن میں 805، مال روڈ کے اطراف میں 433 جبکہ شملہ پہاڑی کے گرد و نواح میں 533 ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ شہر میں بڑھتی سموگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

حکومت پنجاب نے الرٹ جاری کیا ہے کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اسموگ کی آلودہ فضاء مہلک ہوتی ہے، جو سانس کے ساتھ لوگوں کے جسم میں داخل ہو جاتی ہے اور یوں مختلف بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=4822

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بڑوں کی مدافعتی قوت اس خطرناک صورتحال سے لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، لیکن کم عمر افراد اس کا شکار ہو کر زیادہ نقصان اٹھاتے ہیں۔

اسی لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق، لاہور میں محکمۂ ٹرانسپورٹ کی جانب سے انسدادِ اسموگ مہم کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

محکمۂ ٹرانسپورٹ کے ترجمان کے مطابق، رواں سال اکتوبر میں 1,344 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔

مزید یہ کہ 2,397 گاڑیوں کے خلاف چالان اور 1 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 9,000 گاڑیوں کی فٹنس کا معائنہ کیا گیا اور 2 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔

اس کے علاوہ، 5,000 گاڑیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے پر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.