برطانیہ میں ایک خاتون نے مختلف اسپتالوں میں 22 دن کے وقفے سے اپنے جڑواں بچوں کو جنم دیا، جس پر ڈاکٹرز بھی حیران ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کیلی ڈوئل نامی ایک خاتون نے 2020ء میں جڑواں بچوں کے ساتھ حاملہ ہوتے ہوئے تمام میڈیکل رپورٹس ٹھیک تھیں۔
تاہم 2021ء میں حمل کے 22 ویں ہفتے کے دوران خاتون کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی، افسوسناک بات یہ تھی کہ بچہ مردہ پیدا ہوا تھا۔
پیدائش کے بعد ڈاکٹرز نے کیلی ڈوئل کو بتایا کہ دوسرا بچہ زندہ رہنے کا امکان بہت کم ہے، جس کی پیدائش میں ابھی چند گھنٹے لگیں گے۔ لیکن کچھ دیر میں کیلی ڈوئل کی حالت بگڑ جانے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آرام کرنے کی ہدایت دی اور انہیں گھر بھیج دیا۔
ایک مردہ بچے کی پیدائش کے 22 دن بعد، خاتون کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ایک دوسرے اسپتال میں سی سیکشن کے ذریعے ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹرز حیران رہ گئے۔ دوسرا بچہ زندہ بچ گیا تھا، لیکن اس کے دل میں سوراخ اور ریٹینوپیتھی نامی ایک بیماری ہوگئی ہے جو آنکھوں میں خون کی نالیوں کی غیر معمولی نشوونما کا سبب بنتی ہے۔