نیوز ڈیسک
پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کا جمعرات کو پشاور کا ایک روزہ دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے، جس کے دوران خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہونا تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی متوقع تھا، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور حالیہ سیاسی پیش رفت کا جائزہ لیا جانا تھا۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہونا تھا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی شرکت بھی متوقع تھی۔
اجلاسوں میں خیبر پختونخوا کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر غور کیا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کیے جانے کا بھی امکان تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر پشاور میں شیر شاہ سوری روڈ اور ایئرپورٹ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا منصوبہ تھا، جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ پشاور اس سے قبل 20 اکتوبر کو بھی ملتوی کیا گیا تھا۔ تاہم، دورے کی منسوخی کی وجوہات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
