شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مذکورہ آپریشن 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے۔ دہشتگرد صحرا عرف جانان 16 مارچ کو میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر ہوئے حملے میں ملوث تھا۔ ہلاک دہشتگرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی اظہار ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔