اسلام آباد:اسلام آباد چیئرمین بحریہ ٹاؤن، ملک ریاض حسین نے ہفتہ 20 جولائی کی شام ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ “جتنا مرضی ظلم کرو، میں ظالم کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا۔
” انہوں نے مزید کہا کہ “آج بحریہ ٹاؤن کی عمارت میں سکیورٹی اہلکاروں کے بغیر کسی قانونی جواز کے داخل ہونے کے مناظر ہیں۔
ملک ریاض نے سوال اٹھایا کہ ملک کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کی بجائے عمارتیں گرانے میں دلچسپی کس ترجیح کی عکاسی کرتی ہے؟ حکومت کی جبر پر مبنی ایسی غیر قانونی اور غیر اخلاقی کارروائیاں صرف یہ پیغام دیتی ہیں کہ کوئی بھی سرمایہ کار پاکستان میں محفوظ کاروبار نہیں کر سکے گا۔
ملک ریاض حسین نے کہا کہ یہ کارروائیاں پاکستان کی معیشت کے لیے زہر قاتل ثابت ہوں گی۔
ان سب ظلم و ستم کے باوجود، میں اپنے موقف پر قائم ہوں۔ “بنے ہیں اہل ہوس مدعی بھی منصف بھی، کسے وکیل کریں کس سے منصفی چاہیں۔”
چیئرمین بحریہ ٹاؤن کی میڈیا ترجمان، ندا ظہور سے جب اس بارے میں ٹیلیفون پر تصدیق چاہی گئی، تو انہوں نے جنگ کو بتایا کہ یہ بیان 20 جولائی کی شام جاری کیا گیا ہے۔