اسلام آباد:کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے تیار کی گئی نئی ویکسین کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں، جس کے بعد ماہرین کو امید ہے کہ بڑے پیمانے پر کی جانے والی حتمی آزمائش کے نتائج بھی مثبت ہوں گے۔
طبی جریدے جاما میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، کم کثافت والے لیپوپروٹین (LDL) کو کم کرنے کے لیے تیار کردہ انجکشن کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ویکسین کولیسٹرول کو نصف سے زیادہ کم کر دیتی ہے۔
ماہرین نے تحقیق کے لیے 922 رضاکاروں کا انتخاب کیا، جن میں 45 فیصد خواتین شامل تھیں اور ان کی اوسط عمر 65 سال تھی۔
تحقیق میں شامل تمام افراد کو کولیسٹرول کی وجہ سے دل کی بیماریوں اور ہائی کولیسٹرول کا سامنا تھا۔
ماہرین نے رضاکاروں کو ایک سال تک زیرِ تحقیق رکھا اور انہیں تین گروپس میں تقسیم کیا۔
پہلے گروپ کو موجودہ کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات دی گئیں، دوسرے گروپ کو نئی تیار کردہ انجکشن ’لیروڈالسائبپ‘ (lerodalcibep) کا ماہانہ ایک ڈوز دیا گیا، جبکہ تیسرے گروپ کو فرضی دوائی دی گئی۔
52 ہفتوں کے بعد تمام رضاکاروں میں کولیسٹرول کی سطح دوبارہ چیک کی گئی، اور تحقیق کے آغاز میں بھی ان کا موازنہ کیا گیا تھا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ موجودہ ادویات استعمال کرنے والے افراد میں اگرچہ کولیسٹرول کم ہوا، مگر اس کی مقدار پھر بھی زیادہ تھی۔
جن افراد کو فرضی دوائی دی گئی، ان میں کولیسٹرول کی سطح میں کوئی فرق نہیں پڑا۔
البتہ جن افراد کو نئی انجکشن دی گئی تھی، ان میں کولیسٹرول کی سطح 50 فیصد یا اس سے بھی زیادہ کم ہوگئی تھی۔
مزید یہ کہ انجکشن لینے والے رضاکاروں میں نہ صرف برا کولیسٹرول کم ہوا، بلکہ ان میں خون کو گاڑھا کرنے والے کولیسٹرول ’ٹرائی گلیسرائیڈس‘ (triglycerides) کی سطح میں بھی نمایاں کمی ہوئی اور ان کی کولیسٹرول کی سطح نارمل ہو گئی۔
ویکسین کی ابتدائی کامیاب آزمائش کے بعد اب اس کی جامع آزمائش کی جائے گی۔ اس کے بعد اسے عام افراد کے لیے استعمال کرنے کی منظوری لی جائے گی، مگر اس عمل میں مزید دو سال کا وقت لگ سکتا ہے۔