اسلام آباد:فلموں کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک جلد ایک نیا فیچر متعارف کروا رہا ہے جو فلموں اور ٹی وی شوز سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر کا نام ’ٹک ٹاک اسپاٹ لائٹ‘ ہوگا، جو نہ صرف شائقین کو تفریح فراہم کرے گا بلکہ تفریحی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے کاروبار کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
اس فیچر کے ذریعے تفریحی کمپنیاں آن لائن اسٹریمنگ سبسکرپشن اور ٹکٹ بھی فروخت کر سکیں گی۔
یہ فیچر صارفین کو آنے والی فلموں اور ٹی وی شوز کی معلومات فراہم کرے گا، جہاں وہ برانڈ کے موزوں ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھ سکیں گے اور متعلقہ فلم یا ٹی وی شو کے بارے میں مزید تفصیلات جاننے کے لیے لنک کے ذریعے برانڈ کے لینڈنگ پیج پر جا سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر ہب میں فلم یا ٹی وی پروگرام کی کہانی، کاسٹ کی تفصیلات، اور من پسند فنکاروں کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے ٹک ٹاک اور وارنر برادرز نے سائنس فکشن فلم ’ڈون‘ کے سیکوئل کی تشہیر کے لیے اسی طرح کی حکمت عملی اپنائی تھی۔
ٹک ٹاک اسپاٹ لائٹ مختلف تفریحی کمپنیوں کو تجزیات فراہم کرے گا، جن کی مدد سے وہ جان سکیں گے کہ صارفین کو کس قسم کا مواد پسند ہے اور وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے شائقین اپنی پسندیدہ فلموں کے ٹکٹ خرید سکیں گے اور آن لائن اسٹریمنگ سروسز کی سبسکرپشن بھی حاصل کر سکیں گے، جس سے ٹک ٹاک کی ٹکٹنگ مارکیٹ میں ساکھ مزید مضبوط ہو جائے گی۔