اسلام آباد:دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن، گوگل، نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے 77ویں جشنِ آزادی کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا ہے۔
اس سال بھی گوگل نے 14 اگست، یومِ آزادیٔ پاکستان، کے موقع پر ایک منفرد ڈوڈل پیش کیا ہے۔
رواں برس گوگل نے جشنِ آزادی کو پاکستان کے مشہور ذائقے دار پھل، آم، کے نام کر دیا ہے۔
گوگل ڈوڈل میں خوش رنگوں کے ساتھ ساتھ قومی پرچم اور پھلوں کے بادشاہ آم کو بھی نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گوگل پاکستان کے قومی دنوں پر مختلف خوبصورت اور منفرد ڈوڈل پیش کرنے کی روایت رکھتا ہے۔
پچھلے سال گوگل نے اپنے ڈوڈل میں دریائے سندھ کی معدومیت کے خطرے سے دوچار دانتوں والی ڈولفن کو ڈیزائن کیا تھا۔
آج پاکستان کا 77واں جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی یومِ آزادی کو مختلف انداز سے بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔
اس دن نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد سبز رنگ کے لباس میں ملبوس، قومی پرچم اٹھائے اور سینے پر سبز ہلالی پرچم کے بیجز لگائے مختلف پروگراموں اور ریلیوں میں شرکت کر رہی ہے۔
چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، اور دیہاتوں کی گلیوں، سڑکوں، اور عمارتوں پر ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے اور ملی نغمے گونج رہے ہیں۔شہریوں نے اپنے گھروں اور عمارتوں پر قومی پرچم لہرا رکھے ہیں۔