اسلام آباد:پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہور ہدایت کار سید نور نے اداکارہ صائمہ کے ساتھ اپنی محبت کی دل چسپ کہانی ایک حالیہ نجی ٹی وی شو میں شیئر کی۔
سید نور نے بتایا کہ وہ اور صائمہ فلم ’چوڑیاں‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے، اور اس فلم کے بعد بھی انہوں نے کئی پروجیکٹس پر ساتھ کام کیا۔
ہدایت کار نے کہا کہ دونوں ایک دوسرے کو سمجھنے لگے تھے، اور ایک دن وہ صائمہ کو شوٹنگ کے لیے ان کے گھر سے لینے گئے۔
بات چیت کے دوران سید نور نے صائمہ کا ہاتھ تھام لیا، جس پر صائمہ نے فوراً کہا کہ اب جب کہ آپ نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے، تو اسے کبھی مت چھوڑئے گا۔
سید نور نے اس لمحے کو محبت کے امتحان کے طور پر لیا اور صائمہ کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھامنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے پہلی اہلیہ رخسانہ نور کے ردِعمل کے بارے میں بتایا کہ رخسانہ ایک دلیر عورت تھیں، جنہیں دوسری شادی کے بعد کافی پریشانی ہوئی، لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ سید نور اپنی محبت میں سچے ہیں، جس کے باعث انہوں نے صائمہ کو قانونی حقوق دینے کی اجازت دی۔
سید نور نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ رخسانہ کی اجازت کے بعد انہوں نے اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا۔
جب دوسری شادی کے بعد اپنے بچوں کے ردِعمل کے بارے میں سوال کیا گیا، تو سید نور نے بتایا کہ بڑی بیٹیاں رخسانہ کے انتقال کے فوراً بعد شادی کر کے بیرونِ ملک چلی گئیں اور اس وقت انہوں نے صائمہ کو بیوی کی حیثیت سے قبول نہیں کیا۔
تاہم، رخسانہ کے انتقال کے وقت ان کا بیٹا شازل چھوٹا تھا اور صائمہ نے اس کی دیکھ بھال کی، جس کے بعد بچوں کے دل میں صائمہ کے لیے محبت پیدا ہوئی۔آج ان کے بچوں کے ساتھ صائمہ کے بہت اچھے تعلقات ہیں۔