اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار جنید خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں اداکارہ صنم سعید کو ایک منظر کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ مارا تھا۔
جنید خان نے احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں اپنی بات چیت کے دوران بتایا کہ 2012ء کی مشہور ڈرامہ سیریل ’متاعِ جان‘ کے دوران، ہدایت کارہ مہرین جبار نے منظر کو حقیقت سے قریب تر بنانے کے لیے انہیں صنم سعید کو اصل تھپڑ مارنے کا کہا۔
ابتدا میں انہوں نے اس منظر کو حقیقتاً ریکارڈ کرنے سے انکار کر دیا، لیکن جب صنم سعید نے بھی اصرار کیا تو انہیں اصل تھپڑ مارنا پڑا۔
جنید خان نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے کبھی ایسا منظر حقیقت میں ریکارڈ نہیں کیا۔
انٹرویو کے دوران، جنید خان نے اداکارہ حبا بخاری کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انہیں حبا بخاری سے ’نہ‘ کہنا سیکھنا ہے، کیونکہ وہ کسی چیز کو منع کرنے کا فن خوب جانتی ہیں، جو خود انہیں نہیں آتا، جس کی وجہ سے انہیں اکثر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔