کراچی:محکمۂ موسمیات نے سمندری طوفان کے سلسلے میں چھٹا الرٹ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ طوفان بحیرۂ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، یہ طوفان کراچی اور سندھ کی ساحلی پٹی سے دور ہوتا جا رہا ہے اور بلوچستان کی ساحلی پٹی کی طرف بڑھتے ہوئے عمان کی طرف رخ کر رہا ہے۔
امکان ہے کہ طوفان سمندر میں ہی کمزور ہو کر ختم ہو جائے گا اور کسی ساحل سے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں۔
طوفان کے دوران سمندر میں شدید طغیانی دیکھنے کو مل سکتی ہے، اور ہواؤں کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکڑ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور کراچی کے جنوب مغرب سے 200 کلومیٹر، اورماڑہ کے جنوب اور جنوب مشرق سے 220 کلومیٹر، اور گوادر کے مشرق اور جنوب مشرق سے 380 کلومیٹر دور ہے۔
کراچی میں آج گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے، اور ہواؤں کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بلوچستان کے ماہی گیروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں، کیونکہ اس دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔