پشاور:مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ شہباز شریف کو بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے، اور دونوں بھائی ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے لڑ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کسی بھی ڈیل پر آمادہ نہیں، وہ عوام کے لیے بات چیت پر یقین رکھتے ہیں اور نہ ہی مینڈیٹ چوروں سے مذاکرات کریں گے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ نواز شریف مفاہمت کی بات کر کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ شہباز شریف کو مفاہمت اور سیاسی تناؤ دونوں میں فرق نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کسی بھی صورت میں نواز شریف کو وزیراعظم بننے کی اجازت نہیں دے رہے، اور شہباز شریف کے وزراء 9 مئی کے واقعات پر معافی کے بیانات دلوا رہے ہیں۔