نیوز ڈیسک
رمضان المبارک کے دوران مسجد نبویؐ میں آنے والے زائرین کے لیے یومیہ 4 لاکھ لیٹر زم زم کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، مسجد نبویﷺ میں زائرین کو زم زم کی فراہمی کے انتظامات پر 40 سپروائزرز اور 500 تربیت یافتہ کارکنان موجود ہیں۔
سعودی عرب میں مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل اتھارٹی محکمہ آبپاشی کے ذریعے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک زم زم کی فراہمی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق، زم زم کو مکہ سے ٹینکرز کے ذریعے منگوایا جاتا ہے اور تمام راستے پر واٹر ٹینکرز کی نگرانی ہوتی ہے۔
ٹینکرز کے ذریعے زم زم پہنچنے پر ماہرین جراثیم سے پاک اور ٹھنڈا کرتے ہیں اور پھر اسے اسٹوریج ٹینکوں میں خالی کیا جاتا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ 24 گھنٹے زائرین اور نمازیوں کو زم زم کی فراہمی میں مصروف رہتی ہے۔ روضہ شریف میں یومیہ زم زم کی 10 ہزار اور مسجد نبوی میں 15 ہزار بوتلیں تقسیم کی جاتی ہیں