اسلام آباد:پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے بھارتی اداکار عمران ہاشمی کی پاکستان آمد پر ان کے استقبال کے حوالے سے دلچسپ خیالات کا اظہار کیا۔
حال ہی میں، حمائمہ نے اپنے بھائی اور اداکار فیروز خان کے ہمراہ بھارتی صحافی فریدون شہریار کو ایک آن لائن انٹرویو دیا، جس کے کچھ مختصر کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
اس انٹرویو میں، حمائمہ نے سنجے لیلیٰ بھنسالی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
جب صحافی نے پوچھا کہ اگر عمران ہاشمی پاکستان آئیں تو آپ کیا کریں گی، اور انہوں نے دو فرضی آپشنز دیے، کیا آپ انہیں ایئرپورٹ پر برقعہ پہنا کر لائیں گی یا تمام خواتین کو گھروں میں رہنے کا کہیں گی؟
اداکارہ نے صحافی کے دونوں آپشنز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام لڑکیوں کو بتا دیں گی کہ عمران ہاشمی آ رہے ہیں، تاکہ وہ ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے پہنچ جائیں اور عمران ہاشمی کو توجہ ملے۔
حمائمہ کے مطابق، برقعہ پہننے کا آپشن غور طلب ہے لیکن عمران ہاشمی کو اپنی اسٹارڈم پسند ہے اور انہیں اچھا لگتا ہے جب لوگ ان کے گرد جمع ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر کبھی عمران ہاشمی ان کے ساتھ پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے تو وہ ان سے سوال کریں گی کہ وہ اتنے اپنے آپ میں کیوں رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ حمائمہ ملک اور عمران ہاشمی نے 2014ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’راجہ نٹور لال‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔