اسلام آباد:پچھلے 24 گھنٹوں میں غزہ میں اسرائیلی فورسز کی شدید بمباری کے نتیجے میں مزید 64 فلسطینی شہید اور 104 زخمی ہو گئے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق، حالیہ حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 41,084 ہو چکی ہے، جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 95,029 ہو گئی ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق، مقبوضہ بیت المقدس میں گزشتہ سال اکتوبر سے لے کر اب تک 68 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فورسز کی ربر کی گولیوں سے 234 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مزید برآں، مقبوضہ بیت المقدس ڈسٹرکٹ سے ایک ہزار 711 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں 335 فلسطینیوں کو جیل کی سزا سنائی گئی ہے اور 99 افراد کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔
قابض اسرائیلی حکام نے 103 فلسطینیوں کو شہر بدر کر دیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی حکام نے 11 مزید فلسطینیوں کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس کے علاوہ، اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کے 307 مکانات کو تباہ کیا یا انھیں نقصان پہنچایا۔