لاہور:لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے لاہور میں جلسے کو روکنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست گزار مرزا واحد رفیق نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کے ذریعے یہ درخواست دی، جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور، پی ٹی آئی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسے کے لیے متعدد درخواستیں دائر کی ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر جلسے کی اجازت نہیں دی۔
ایڈووکیٹ ندیم سرور نے درخواست میں کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں نفرت انگیز تقاریر کی جاتی ہیں، آخری جلسے میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں عدلیہ اور آئینی اداروں کے خلاف تقاریر کی جاتی ہیں، جس سے ان کی توہین ہوتی ہے۔
ن لیگ اور تحریکِ انصاف کی سیاسی حریفانہ صورت حال کی وجہ سے خون خرابے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کو پنجاب بھر میں کسی بھی جگہ جلسہ کرنے سے روکا جائے۔