اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور اداکار عمران اشرف کا پہلا بین الاقوامی پروجیکٹ مکمل ہوگیا ہے۔
اس کا اعلان بھارتی اداکار و گلوکار جسی گِل نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کیا، جہاں انہوں نے عمران اشرف کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی۔ انہوں نے کیپشن میں بتایا کہ شوٹنگ کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار عمران اشرف نے بھارتی اداکار کی وائرل پوسٹ کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں یاد کرنے کی طرف اشارہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی گلوکار و اداکار جسی گِل اور پاکستانی اداکار عمران اشرف ایک بین الاقوامی فلم میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔ یہ دونوں فنکار اس فلم میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بین الاقوامی فلم “اینو رہنا سہنا نہیں آندا” ایک کامیڈی کینیڈین پنجابی فلم ہے جو بین الاقوامی طلباء کے مسائل پر روشنی ڈالتی ہے۔
اس فلم کی کہانی بھارتی نژاد کینیڈین روپن بال نے لکھی ہے، اور وہی اس کے ہدایت کار بھی ہیں۔