اسلام آباد:اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور واثق قیوم عباسی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
عدالت نے راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جبکہ عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری کی بنیاد پر اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی 9 میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
علی امین گنڈاپور کی جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں درخواستِ ضمانت بھی مسترد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے فیصل جاوید کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کر لی اور سماعت کو 3 اکتوبر تک ملتوی کر دیا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی ہے۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت سے کہا کہ وہ ملزم کے رویے پر غور کرے، کیونکہ مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
جج طاہر عباس سپرا نے یاد دلایا کہ پچھلی بار حاضری سے معافی کی درخواست کی گئی تھی، حالانکہ جلسے کے دوران ملزم کی طبیعت ٹھیک تھی۔
عدالت میں وکیل ظہور الحسن نے استدعا کی کہ آج استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے، اور انہوں نے یقین دلایا کہ علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش ہوں گے۔