پاکستانی تاریخ کا مہنگا ترین ڈراما “دنیا پور” ریلیز کے لیے تیار

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:جلد ریلیز ہونے والا ایکشن تھرلر ڈرامہ “دنیا پور” کے مرکزی اداکار رمشا خان اور خوشحال خان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ڈراما پاکستانی تاریخ کا سب سے مہنگا ڈراما ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کی شوٹنگ کے دوران استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی فلمی معیار کی ہے۔

رمشا اور خوشحال خان نے حالیہ انٹرویو میں اس ڈرامے کی کہانی کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں، جس میں کہا گیا کہ کہانی افسانوی ہے اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ تمام کردار بھی خیالی ہیں۔

رمشا خان نے بتایا کہ “دنیا پور” کی شوٹنگ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر کی گئی تھی، جہاں پوری کاسٹ اور عملہ موجود تھے۔

خوشحال خان نے اس بات کا ذکر کیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران فلموں کی طرح کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، اور مختلف کیمرا، ایکشن ڈائریکٹرز اور کاسٹیوم ڈیزائنرز کا الگ الگ انتخاب کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں رمشا خان نے کہا کہ کہانی بدلے، خاندانی اور قبائلی تنازعات کے گرد گھومتی ہے، جہاں وہ اپنے بھائیوں کے قتل کا بدلہ لینے کی کوشش کرتی ہیں۔

خوشحال خان نے مزید کہا کہ وہ بھی اپنے خاندان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اور ایک اچھے کردار کے ساتھ ساتھ کچھ غلط اقدامات بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

ایک اور سوال پر رمشا نے وضاحت کی کہ “دنیا پور” مشہور ہولی وڈ سیریز “گیم آف تھرونز” کی نقل نہیں ہے، حالانکہ کچھ مناظر دوسری سیریز یا فلموں کی مانند محسوس ہو سکتے ہیں۔

خوشحال نے مزید کہا کہ ڈرامے کا نام “دنیا پور” ہونے سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ بھارتی سیریز “مرزاپور” کی کاپی ہے۔

جب دونوں اداکاروں سے بجٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ “دنیا پور” واقعی پاکستانی تاریخ کا مہنگا ترین ڈراما ہے، حالانکہ انہیں صحیح خرچ کا علم نہیں ہے۔

میزبان نے انہیں بتایا کہ رپورٹس کے مطابق “دنیا پور” کی تیاری میں 25 سے 30 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں، جس پر دونوں اداکاروں نے کہا کہ انہیں اس بات کی تصدیق نہیں ہے، مگر وہ یہ جانتے ہیں کہ یہ مہنگا ڈراما ہے۔

“دنیا پور” کو 25 ستمبر سے گرین ٹی وی پر نشر کیا جائے گا، اور اس کی کہانی ایک افسانوی علاقے “دنیا پور” اور اس پر بادشاہت کے لیے لڑنے والے خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے کی ہدایات شاہد شفاعت نے دی ہیں، جس میں رمشا خان، نعمان اعجاز، منظر صہبائی، خوشحال خان اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.