اسلام آباد:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے ضروری کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصل آباد میں جاری چیمپئنز ون ڈے کپ اور اسٹیڈیمز اپ گریڈیشن پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف آپریٹنگ افسر سلمان نصیر، چیف فنانشل افسر جاوید مرتضی، پی سی بی کے تمام ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے فوری طور پر ضروری کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، ہر کمیٹی کی ذمے داریاں واضح کی جائیں اور کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں دنیا کی بڑی ٹیمیں آئیں گی، اس لیے انتظامات بہترین ہونا چاہئیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپ گریڈیشن کے بعد شائقین کرکٹ کا تجربہ بہتر ہو گا، جس سے میچ کو زیادہ انجوائے کیا جا سکے گا۔
محسن نقوی نے فیصل آباد کے شہریوں کے چیمپئنز کپ کے میچز میں جوش و خروش کو سراہا اور پی ایس ایل میچ کرانے کے حوالے سے بھی جائزہ لینے کا عندیہ دیا۔