اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے ساتھی فنکار فواد خان کو بھارت میں کام کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مشی خان نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی آنے والی فلم کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ فواد خان اپنے ملک میں اے لسٹ اداکاراؤں کے ساتھ بڑے پروجیکٹس میں کام کرنے سے انکار کر دیتے ہیں، جبکہ اب وہ ایک ایسی بھارتی اداکارہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں جو زیادہ مشہور بھی نہیں ہیں۔
فواد خان کی 8 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی ہو رہی ہے، جہاں انہوں نے وانی کپور کے ساتھ نئی فلم ’عبیر گلال‘ کی شوٹنگ شروع کر دی ہے۔
انہوں نے 2014 میں بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور اپنی پہلی فلم ‘خوبصورت’ میں شاندار اداکاری کے باعث فلم فیئر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔