اسلام آباد:وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اجلاس کی تیاریوں کو مستحکم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ڈی چوک، شاہراہِ دستور، مری روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے کا معائنہ کیا اور ایس سی او سربراہی کانفرنس کے لیے تزئین و آرائش کے انتظامات کی نگرانی کی۔
اس موقع پر، محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے وی وی آئی پی روٹس سے تجاوزات ہٹانے کا بھی حکم دیا اور یقین دلایا کہ ایس سی او سربراہی کانفرنس کے شایانِ شان انتظامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب، دفترِ خارجہ نے غیر ملکی سفارتکاروں کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اجلاس کے معززین اور مندوبین کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔
غیر ملکی سفارتکاروں کو اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور انہیں اپنی سرگرمیاں ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو تک محدود رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر ملکی سفارتی مشنز ٹریفک پولیس کے جاری کردہ ٹریفک پلان کی پیروی کریں۔
وزارتِ خارجہ ایس سی او اجلاس کو کامیاب بنانے میں سفارتی مشنز کے تعاون کی خواہاں ہے۔