ملتان:پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ملتان میں آج دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان کی چھٹی وکٹ 264 رنز پر گری، جب محمد رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد پاکستان کی ساتویں وکٹ 302 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ قومی ٹیم کی آٹھویں وکٹ 309 رنز پر گری جب ساجد خان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی نویں وکٹ دوسرے سیشن میں 358 رنز پر گری، جہاں عامر جمال 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور قومی ٹیم کی آخری وکٹ 366 رنز پر گری جب نعمان علی 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلی اننگز میں کامران غلام نے 118 رنز کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ صائم ایوب نے 77 اور محمد رضوان نے 41 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے اسپن بولر جیک لیچ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
گزشتہ روز قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے تھے۔ آج محمد رضوان نے 37 اور سلمان علی آغا نے 5 رنز کے ساتھ دوسرے دن کا آغاز کیا۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان اس ٹیم میں شامل ہیں۔
ان کے علاوہ، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان، اور زاہد محمود بھی پلئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
انگلینڈ کی ٹیم میں زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، جیمی اسمتھ، برائیڈن کارس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔