اسلام آباد:عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنی اہلیہ سارہ کو محبت بھرے پیغام کے ساتھ سالگرہ کی مبارک باد دی ہے۔
عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سارہ بھروانہ کے ہمراہ لی گئی کچھ یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
ان تصاویر میں سے ایک تصویر سارہ کے کالج کے زمانے کی ہے، جس میں اُنہیں کالج یونیفارم پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
عاطف اسلم نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں اس دن سے ہمیشہ مسکراتا رہتا ہوں جب پہلی مرتبہ ہماری نظریں ملیں۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ میری محبت کو سالگرہ مبارک ہو۔
عاطف اسلم کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر مداحوں اور مشہور شوبز شخصیات کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے، اور ساتھ ہی سارہ کو سالگرہ کی مبارک باد بھی دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار عاطف اسلم اور سارہ بھروانہ 2013ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اب ان کے 2 بیٹے اور 1 بیٹی ہیں۔