اسلام آباد:پاکستان کی معروف میزبان و اداکارہ ندا یاسر نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے سوشل میڈیا سے دور رہنے کی وجوہات بیان کی ہیں، جس نے ان کے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔
ندا یاسر نے اس معاملے پر اپنی سوچ اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی حفاظت اور بہتر مستقبل کے لیے یہ قدم اٹھا رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پر اپنے مارننگ شو کے دوران، ندا یاسر نے 15 سال سے بڑی عمر کی بیٹی کے لیے وضع کردہ اصولوں کے بارے میں بات کی۔
پینل ڈسکشن میں شریک ایک خاتون نے بتایا کہ اس کی بیٹی سوشل میڈیا پر ریلز بنانے کا بہت شوق رکھتی ہے، جس کی وجہ سے اس کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔
اداکارہ نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی، جو کہ 15 سال سے زیادہ ہے، ابھی تک اپنے والد کی جانب سے انسٹاگرام ریلز بنانے کی اجازت نہیں رکھتی، حالانکہ وہ خود شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو کم عمری میں زیادہ آزادی دینا خطرناک ہو سکتا ہے۔ ندا نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے شوہر سے کہیں کہ وہ اپنی بیٹی پر تھوڑی سختی کریں، کیونکہ اس طرح کی صورت میں والد کی سختی کی ضرورت پیش آتی ہے۔