کراچی:وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں 3 روزہ ہیلتھ ایشیاء ایکسپو کا افتتاح کر دیا۔
اس ایکسپو میں 20 سے زائد کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ایشیاء ایکسپو کا انعقاد خوش آئند ہے، اور بیرونِ ممالک سے لوگ نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ ٹورازم کو پاکستان میں لانے کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
اُنہوں نے خناق کے پھیلاؤ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خناق ایک موسمی بیماری ہے جو ہمیشہ آتی ہے، اور اس کے لیے ویکسینیشن کی کوریج بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ صحت سندھ نے بتایا کہ سندھ میں رواں سال خناق کے 160 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 28 اموات ہوئی ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ خناق کی ویکسین دستیاب ہے، جبکہ چکن گونیا کی ٹیسٹنگ مشکل ہے کیونکہ اس کی کٹس مہنگی ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ اسپرے مہم کے لیے محکمۂ صحت نے کے ایم سی سے بات چیت کی ہے۔