اسلام آباد:بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول جلد ہی اپنی نئی فلم “مہارانی: کوئین آف کوئینز” میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
فلم کی شوٹنگ آخری مراحل میں ہے اور یہ اکتوبر کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
تیلگو ڈائریکٹر چرن تیج اپلاپتی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں کاجول نے ایک طاقتور کردار مایا ادا کیا ہے، جو دھاراوی کی جھگیوں سے نکل کر مہاراشٹر کی ایک طاقتور شخصیت بن جاتی ہیں۔
فلم کا بڑا حصہ حیدرآباد میں شوٹ کیا گیا ہے، جہاں کاجول نے شاندار ایکشن مناظر کی عکس بندی کی ہے۔
ان مناظر کے لیے خصوصی سیٹ تیار کیا گیا ہے، جہاں کاجول نے اسلحہ کا استعمال اور ہاتھوں سے لڑائی کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔
فلم کے ایکشن مناظر کو پیٹر ہین نے ترتیب دیا ہے، جو “پشپا” اور “دیوارا” جیسی مشہور فلموں کے لیے معروف ہیں۔
اس کے علاوہ، جرمن اسٹنٹ کوآرڈینیٹر فلورین ہوٹز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں، جو “ہنگر گیمز” اور “جان وِک” جیسی عالمی شہرت یافتہ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
یہ فلم ہندی کے ساتھ ساتھ تیلگو، تامل، ملیالم اور کنڑ زبانوں میں بھی ڈب کی جا رہی ہے، جس کی ریلیز کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، کیونکہ شائقین کاجول کو ایکشن میں دوبارہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔