اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے لیے دبئی روانہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وہ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بریفنگ دیں گے اور آئی سی سی بورڈ اراکین کو اس حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
محسن نقوی نے دبئی روانہ ہونے سے پہلے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروجیکٹ کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران، انہوں نے انکلوژرز کی اپ گریڈیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، اور اس پروجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔