مستونگ میں گرلز ہائی اسکول کے قریب دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، 30 زخمی

نیوزڈیسک

0

مستونگ:مستونگ میں گرلز ہائی اسکول کے قریب بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں پانچ اسکول کے بچے، ایک پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی زیادہ تر اسکول کے بچے شامل ہیں۔

جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ دھماکا ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز مواد سے موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور دھماکے کے نتیجے میں 1 پولیس موبائل اور دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کی آواز قریبی علاقوں میں بھی سنی گئی، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا۔

حکومتِ بلوچستان نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت، شاہد رند کے مطابق، ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اور سیکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان، میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کی ہے اور شہید پولیس اہلکار اور بچوں کے ورثاء سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اب معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا ہے اور ہم ان کے خون کا حساب لیں گے۔

شہری آبادی کے افراد کو بھی دہشت گردوں پر نظر رکھنی چاہیے، کیونکہ مل جل کر ہی اس عفریت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.