اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار زاہد احمد نے بتایا کہ دولت اور شہرت ملنے کے باوجود زندگی میں سکون نہ ملنے پر انہوں نے اپنی زندگی کو اللّٰہ کے احکامات کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کیا۔
اُنہوں نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے عزت، دولت اور شہرت حاصل کرنے کے باوجود زندگی میں بے سکونی کی وجوہات پر بات کی۔
اداکار کا کہنا ہے کہ زندگی میں سب کچھ حاصل کرنے کے باوجود وہ بے سکون رہتے تھے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سکون کی تلاش میں انہوں نے بہت کچھ کیا، لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔
آخرکار، انہوں نے اللّٰہ سے دعا کی کہ انہیں اپنی عبادت کرنے کی ہدایت دے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے اللّٰہ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کا ارادہ کیا تو پچھلے 6 سے 7 سال سے وہ باقاعدگی سے 5 وقت کی نماز پڑھنے لگے۔
اداکار کا مزید کہنا ہے کہ اللّٰہ سے قریب ہونے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی میں سکون محسوس کرنا شروع کیا۔