ملتان:ملتان میں یو ایس ایڈ کے زیرِ اہتمام ایل پی پی اور دیگر سماجی اداروں کی جانب سے “صبح نو” پراجیکٹ کی لانچنگ کو یو ایس ایڈ نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ یہ پراجیکٹ مقامی ترقی اور سماجی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
اس سلسلے میں مقامی مارکیٹ میں منعقدہ تقریب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر سوونگسری نے سماجی ادارے ایل پی پی اور دیگر پارٹنرز کی کوششوں کو سراہا، جو مقامی سطح پر لوگوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایم پی اے اور پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم اجمل چانڈیہ نے کہا کہ اس طرز عمل کی سرگرمیاں ہمارے معاشرے کے لیے نہایت ضروری اور فائدہ مند ہیں۔
ان میں شامل مختلف موضوعات عہد حاضر کی ضروریات کے مطابق ہیں۔ ہم ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے۔
لودھراں پائلٹ پروجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور نے اس پروجیکٹ کی اہمیت اور خصوصیات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ صبح نو پروگرام کے تحت مستقبل میں محروم کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی جائے گی، اور ہم ایک مستحکم معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
“صبح نو” کا مقصد مقامی لوگوں کو اپنی کمیونٹی کی ترقی میں فعال طور پر شرکت کی صلاحیت کو ابھارنا ہے۔
پاکستان کی سول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے، یو ایس ایڈ کمیونٹیز کو اپنے مستقبل کی بہتر تشکیل کے قابل بنانا چاہتا ہے۔
سماجی ادارے سگنیفائی کے سی ای او زین بلوچ نے کہا کہ یو ایس ایڈ، ایل پی پی، سگنیفائی، اور دیگر ادارے سماجی ترقی کی کوششوں کے ذریعے مقامی امنگوں کو ابھارنے اور بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
اس تقریب میں ملتان، بہاولپور، اور لودھراں کے سماجی حلقوں کے افراد، مذہبی، سماجی، اور سیاسی رہنما، ماہرین تعلیم اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں پینل ڈسکشن کا انعقاد بھی کیا گیا اور ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔