اسلام آباد:لاہور میں اداکارہ نرگس پر ان کے شوہر، انسپکٹر ماجد بشیر، کی جانب سے مبینہ تشدد کا ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے۔
متاثرہ اداکارہ کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس سی میں ان کے شوہر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، اداکارہ کا الزام ہے کہ ان کا شوہر زبردستی جائیداد اپنے نام کروانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے تشدد کا سہارا لیتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ شوہر نے سرکاری پستول کے بٹ مار کر تشدد کیا اور بالوں سے گھسیٹ کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔
پولیس نے ماجد بشیر کے خلاف تشدد اور قتل کی دھمکیوں کے الزامات میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اس معاملے پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور اداکارہ کا میڈیکل معائنہ بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، میڈیکل رپورٹ میں نرگس پر تشدد کے نشانات کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں چہرے، گردن اور کمر پر زخم شامل ہیں۔
پولیس نے اداکارہ کے گھریلو ملازمین اور ان کے بھانجے عمر کے بیانات بھی قلمبند کیے ہیں، جو تشدد کے وقت گھر میں موجود تھے۔
گزشتہ رات، ڈیفنس سی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی، تاہم انسپکٹر ماجد بشیر نے قبل از گرفتاری حفاظتی ضمانت حاصل کر لی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اداکارہ نرگس پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔