اسلام آباد:پاکستان کی سینئر اداکارہ عینی زیدی نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ہمیشہ انہیں ایک ملکہ کی طرح رکھا۔
حال ہی میں ایک ویب شو میں مہمان کے طور پر شرکت کرتے ہوئے عینی زیدی نے اپنی خوشحال شادی شدہ زندگی کے بارے میں گفتگو کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے شوہر کوئی عام آدمی نہیں تھے، شاید اللہ نے اُنہیں اسی لیے جلدی اپنے پاس بلا لیا۔ وہ سُپر مین تھے، ایک بہترین شوہر اور والد تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ آج بھی اپنے ارد گرد دیکھ کر انہیں ایسے کوئی شخص نہیں دکھائی دیا جو اُن کے شوہر کی طرح ہو، وہ بالکل الگ انسان تھے اور انہوں نے انہیں ہمیشہ ایک ملکہ کی طرح رکھا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میرے شوہر نے ہر طرح سے میرا ساتھ دیا۔ میرے شوہر اور میری عمر میں بہت فرق تھا، لیکن وہ مجھے ہمیشہ ایک نازک چیز کی طرح خیال رکھتے تھے۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اُن کے شوہر نے کبھی بھی اپنی مرضی مسلط نہیں کی، بلکہ ہمیشہ انہیں خود مختار بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے ہمیشہ کہا کہ تمہاری اپنی ایک شخصیت ہے، اور تمہیں اسے دنیا کے سامنے لانا چاہیے۔