اسلام آباد:آج امریکہ میں صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں، اور دنیا بھر کے مبصرین اپنی رائے دے رہے ہیں۔
لیکن تھائی لینڈ کے چڑیا گھر کے دریائی گھوڑے کے بچے، مو ڈینگ، نے ایک دلچسپ پیشگوئی کی ہے۔
امریکہ میں 47ویں صدر کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔
دونوں جانب سے دعوے اور وعدے کیے جا رہے ہیں، اور سیاسی مبصرین بھی اس سخت مقابلے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں کہ امریکہ کا اگلا صدر کون بنے گا؟۔
انتخابی جائزوں کے مطابق دونوں امیدواروں میں بازی پلٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ لیکن تھائی لینڈ کے شہر سی رچا کے کھاؤ کھیو اوپن چڑیا گھر میں موجود ایک دریائی گھوڑے کے بچے، مو ڈینگ، نے حالیہ امریکی صدارتی انتخابات کے بارے میں اپنی پیشگوئی کی ہے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے دو تربوز رکھے تھے، جن میں ایک پر کاملا ہیرس کا نام اور دوسرے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لکھا تھا۔
جب مو ڈینگ اور اس کی ماں تالاب سے نکلے، تو مو ڈینگ نے کاملا ہیرس والے تربوز کو نظر انداز کر کے سیدھا ٹرمپ والے تربوز کی طرف بڑھا اور اُسے کھانا شروع کر دیا۔
اس دوران، اس کی ماں نے کاملا ہیرس کے نام والے تربوز کو مکمل طور پر کھا لیا۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس بات کو ایک پیشگوئی سمجھا اور کہا کہ مو ڈینگ کے ٹرمپ والے تربوز کو چننے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ ہی اگلے امریکی صدر بن سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ مو ڈینگ نے اس سے پہلے سوشل میڈیا پر گلوکار مائیکل جیکسن کے مشہور ‘مون واک’ کی نقل کر کے کافی توجہ حاصل کی تھی، اور اب اس کی پیشگوئی نے دنیا بھر میں چرچا مچا دیا ہے۔