پاکستان اور امریکا کے معروف اسٹیج ڈرامہ پروڈیوسر سید فرقان حیدر کا انتقال

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:پاکستان اور امریکا میں اسٹیج ڈراموں کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والے معروف پروڈیوسر سید فرقان حیدر رضوی 10 نومبر 2024 کو ڈیلس میں انتقال کر گئے۔

ان کا شمار ان شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے تھیٹر کے ذریعے دونوں ممالک میں ثقافتی فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں اتوار کو ڈیلس میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

سید فرقان حیدر گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھے، اور ان کی وفات کی خبر ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے انتہائی غم اور افسوس کے ساتھ دی ہے۔

سید فرقان حیدر نے پاکستان میں اسٹیج ڈراموں کی دنیا میں نہ صرف معین اختر اور عمر شریف جیسے مشہور فنکاروں کو متعارف کرایا بلکہ کمرشل تھیٹر کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔

ان کے مشہور ڈرامے جیسے ’’بکرا قسطوں پر‘‘، ’’مصیبت در مصیبت‘‘ اور ’’بچاؤ معین اختر‘‘ نے پاکستانی اسٹیج ڈراموں کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی دلائی۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں 250 سے زائد اسٹیج ڈرامے پروڈیوس کیے، جن میں معاشرتی پیغامات اور حالات حاضرہ کو اہمیت دی گئی۔

حال ہی میں، دو ہفتے قبل، سید فرقان حیدر نے ڈیلس میں اپنا آخری اسٹیج تھیٹر ’’دلہا آن لائن‘‘ پروڈیوس کیا تھا، جس میں پاکستان سے کئی فنکاروں کو مدعو کیا تھا۔اس ڈرامے میں ان کی حاضرین سے کی گئی گفتگو اب ایک یادگار بن چکی ہے۔

سید فرقان حیدر کی نماز جنازہ اتوار، 10 نومبر 2024 کو ڈیلس کے مومن سینٹر میں ادا کی جائے گی اور تدفین ڈینٹن مسلم قبرستان میں ہوگی۔

ان کے اہل خانہ نے تمام احباب سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔
اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.