صدر بین الاقوامی نے فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے 5 ہزار رجسٹریشن فیس کے معاملے کا نوٹس لے لیا

0

نیوز ڈیسک

ڈاکٹر حذال حمود نے دعوہ اکیڈمی کو مقررہ رجسٹریشن فیس فی الفور ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

اسلام آباد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ترجمان ناصر فرید نے بیان دیا ہے کہ جامعہ کے صدر ڈاکٹر حذال حمود العتیبی نے فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے 5 ہزار رجسٹریشن فیس کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دعوہ اکیڈمی کو رجسٹریشن فارم کے لیے مقررہ فیس فی الفور ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

جامعہ کے ترجمان کے مطابق، صدر جامعہ نے نہ صرف اعتکاف کے لیے مقررہ 5000 رجسٹریشن فیس ختم کرنے کے احکامات جاری کیے بلکہ دعوہ اکیڈمی کو ہدایت دی کہ مستقبل میں فیصل مسجد سے متعلقہ امور جن کا تعلق عوام الناس سے ہو، ان کی منظوری صدر جامعہ سے لی جائے اور اس بابت اکیڈمی کوئی بھی فیصلہ اپنے طور پر نہ کرے۔

ترجمان نے کہا کہ صدرِ جامعہ نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ماہ صیام کے دوران فیصل مسجد میں نمازیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور اعتکاف سے متعلقہ جملہ امور کے حوالے سے بھی آسانیاں پیدا کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر جامعہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اعتکاف کے حوالے سے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

یاد رہے کہ دعوہ اکیڈمی کے اعتکاف کے فارم کے لیے 5000 روپے رجسٹریشن فیس پر شدید عوامی رد عمل آیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.