اسلام آباد:یورو کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیدرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں کھیلے جانے والے یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا، میچ کا فیصلہ کن گول کھیل کے آخری منٹ میں ہوا جس نے بازی ہی پلٹ دی۔
اس شاندار فتح کے بعد انگلینڈ نے یورو کپ 2024 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، اس سے قبل اسپین نے سیمی فائنل میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، اب اس میگا ایونٹ کا فائنل برلن میں کھیلا جائے گا جس میں انگلینڈ اور اسپین کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
میچ کے پہلے ہاف کے ساتویں منٹ میں نیدر لینڈ کے زاوی سائمن نے پہلا گول کیا جس کے بعد انگلینڈ کے کھلاڑی بدلہ اتارنے کیلئے بے چین دکھائی دیئے۔
تاہم میچ کے 18ویں منٹ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے پینلٹی پر شاندار گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا، ہیری کین ناک آؤٹ گیمز میں مجموعی طور پر 6 گول کے ساتھ یورو کپ میں اب تک کے ٹاپ اسکورر ہیں۔
کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں جانب سے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے، تاہم کسی کو مزید کامیابی نہ مل سکی، یہی صورتحال دوسرے ہاف میں بھی رہی لیکن میچ کے آخری منٹ میں انگلینڈ کے اولی ویٹکنز نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز میونخ میں کھیلے جانے والے یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔