صحت کے لیے چہل قدمی کرنے کے فوائد کونسے کونسے ہیں؟

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں، تو ہر کھانے کے بعد صرف 10 منٹ چہل قدمی کرنا اپنی عادت بنا لیں۔کھانے کے بعد تھوڑی دیر چہل قدمی آپ کی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔

ورزش کے بہت سے فوائد میں کھانے کے بعد کی چہل قدمی بھی شامل ہے، جس کے کچھ منفرد فوائد درج ذیل ہیں۔

نظامِ انہضام میں بہتری اور کینسر سے بچاؤ

کھانے کے بعد کی چہل قدمی ہاضمے کو بہتر بنا سکتی ہے، کیونکہ جسمانی حرکت معدے اور آنتوں کو متحرک کرتی ہے، جس سے خوراک زیادہ تیزی سے ہضم ہو سکتی ہے۔

تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ہفتے میں 10 گھنٹے کی چہل قدمی نظامِ انہضام کے کینسر کے خطرات کو کم کر سکتی ہے، جن میں منہ، گلا، غذائی نالی، معدہ، چھوٹی آنت، کولوریکٹم، لبلبہ، جگر وغیرہ کے کینسر شامل ہیں۔

بلڈ شوگر قابو کرنے میں معاون

کھانے کے بعد چہل قدمی کا ایک اور اہم فائدہ بلڈ شوگر کی بہتر نگرانی ہے، جو خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔

کھانے کے بعد تھوڑی دیر چلنے سے بلڈ شوگر کی سطح میں زیادہ اضافہ ہونے سے بچا جا سکتا ہے۔

ایک تحقیق جو 2016ء میں کی گئی، اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریض اگر ہر کھانے کے بعد صرف 10 منٹ کی ہلکی چہل قدمی کریں، تو یہ بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک بار میں 30 منٹ چلنے سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

اگرچہ کھانے کے بعد کی ورزش ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خاص طور پر مفید ہے، مگر صحت مند افراد بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کھانے کے بعد کی ہلکی ورزش، تیز ورزش کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

امراضِ قلب کے خطرے کو کم کرنے میں مؤثر

کئی دہائیوں سے جسمانی سرگرمی دل کی صحت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، اور تحقیق نے یہ ظاہر کیا ہے کہ باقاعدگی سے ورزش بلڈ پریشر اور ایل ڈی ایل (خراب) کولیسٹرول کو کم کر سکتی ہے، اور فالج یا دل کے دورے کے خطرے کو بھی کم کر سکتی ہے۔

امریکی ادارہ ’سی ڈی سی‘ ہفتے میں کم از کم 5 دن، روزانہ 30 منٹ کی معتدل شدت والی ورزش کرنے کی تجویز دیتا ہے۔

کھانے کے بعد روزانہ تین بار، ہر بار 10 منٹ کی چہل قدمی کرکے اس گائیڈ لائن کو آسانی سے پورا کیا جا سکتا ہے۔

بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں معاون

کھانے کے بعد چہل قدمی کرنے سے بلڈ پریشر کو خاص حد تک کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایک تحقیق نے یہ ظاہر کیا ہے کہ زائد وزن والے افراد، خاص طور پر جو دائمی ہائپرٹینشن کا شکار ہیں، باقاعدگی سے چہل قدمی کر کے سسٹولک بلڈ پریشر کو کم کر سکتے ہیں۔

اب تک کے طبی اور سائنسی شواہد سے ماہرین نے یہ بات یقینی طور پر معلوم کی ہے کہ کھانے کے بعد چہل قدمی بلڈ پریشر کو کم کرنے کی افادیت اور امکانات کو بڑھا دیتی ہے۔

کتنی دیر تک چہل قدمی کرنی چاہیے؟

اگر آپ ہر دن 10 منٹ تک چہل قدمی کریں تو آپ کو ممکنہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔روزانہ تین بار 10 منٹ کی چہل قدمی کرنے سے آپ بآسانی روزانہ 30 منٹ کی جسمانی سرگرمی کا ہدف پورا کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.